بنگلور 2 ستمبر (ایس او نیوز) کرناٹکا کے ڈائرکٹر جنرل آف پولس (DGP)، اور کرناٹک اسٹیٹ پولس ہاوسنگ کارپوریشن کے چیرمین آر پی شرما (59) جو ایک سنیئر آئی پی ایس آفسر بھی ہیں، اُس وقت شدید زخمی ہوگئے جب ان کے ہاتھ سے اپنی ہی پستول چل گئی اور ان کے جسم میں دو گولیاں پیوست ہوگئیں۔
واردات آج بدھ شام قریب پانچ بجے نارتھ۔ایسٹ بنگلور کے کوٹھانور میں واقع اُن کے ہی مکان میں پیش آئی۔ بتایا گیا ہے کہ وہ اپنا ریوالور صاف کررہے تھے جس میں پہلے سے گولیاں بھری ہوئی تھی، صفائی کرنے کے دوران اچانک گولیاں چلیں اور وہ خون میں لت پت نیچے گرپڑے۔ گولیوں کی آواز سنتے ہی گھر کے دوسرے کمرے میں موجود ان کی بیٹی نے فوراً انہیں کمپاپورا کے کولمبیا ایشیاء اسپتال پہنچایا۔ جہاں انہیں انتہائی نگہداشت والے کمرے (آئی سی یو) میں رکھ کر علاج کیا جارہا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ایک گولی سینے کے اوپری حصہ پر اور دوسری گولی گلے میں گھس گئی ہے۔ ذرائع کی مانیں تو دونوں گولیاں جسم کے اندر ہی موجود ہیں اور رپورٹ لکھے جانے تک ڈاکٹرس گولیوں کو نکالنے کے لئے سرجری کی تیاری میں تھے۔
پولس کمشنر کمل پنت نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ شرما کی حالت مستحکم ہے اورلکھ کر ہمارے سوالوں کا جواب دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ وہ اپنی پرائیویٹ ریوالور فروخت کرنا چاہتے تھے جس کے لئے وہ اُس کی صفائی کررہے تھےجس کے دوران اچانک ریوالور چل گیا۔
نارتھ ۔ایسٹ بنگلور کے ڈپٹی کمشنر بھیم شنکر نے بھی کسی بھی طرح کی قیاس آرائیوں کو خارج کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک حادثہ تھا جس کے نتیجے میں سنئیر آئی پی ایس آفسر شرما زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم اس کیس کو ہینڈل کررہے ہیں۔